ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ٹماٹر کے بعد پیاز کی فی کلو قیمت بھی 220 روپے تک جاپہنچی

ٹماٹر کے بعد پیاز کی فی کلو قیمت بھی 220 روپے تک جاپہنچی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: ٹماٹر کے شدید بحران کے بعد صارفین کو اب پیاز کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کا سامنا ہے۔ صرف چند دنوں میں پیاز کی قیمت 110 تا 120 روپے فی کلو سے بڑھ کر 220 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، جبکہ ٹماٹر کی قیمت جو حال ہی میں 600 تا 700 روپے فی کلو تک جا پہنچی تھی، اب کم ہو کر 200 روپے فی کلو پر آ گئی ہے۔

ماہرین کے مطابق پیاز کی قیمتوں میں مزید اضافہ کا خدشہ برقرار ہے کیونکہ طلب و رسد میں واضح فرق پیدا ہو گیا ہے۔ صارفین اس تیزی سے بڑھتی مہنگائی کے باعث بڑی مقدار میں خریداری سے گریز کر رہے ہیں اور صرف روزمرہ ضرورت کے مطابق خرید رہے ہیں۔

ہول سیل ویجیٹیبل مارکیٹ سپر ہائی وے کے صدر حاجی شاہجہان کے مطابق سندھ کی نئی فصل کی رسد فی الحال کم مقدار میں شروع ہوئی ہے، جو ممکنہ طور پر نومبر کے تیسرے ہفتے تک بہتر ہو سکتی ہے۔ تاہم اس وقت تک قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ متوقع ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایران سے بھی پیاز کی محدود درآمد جاری ہے، لیکن وہاں قیمتیں پہلے ہی زیادہ ہیں، جبکہ سرحدی کلیئرنس کے مسائل کے باعث سپلائی میں تاخیر ہو رہی ہے۔

مزید یہ کہ پاک-افغان سرحد پر حالیہ جھڑپوں کے باعث دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیاں گزشتہ دو ہفتوں سے معطل ہیں، جس کے نتیجے میں افغانستان سے پیاز کی سپلائی مکمل طور پر بند ہو چکی ہے۔

ہول سیل مارکیٹوں میں اس وقت پیاز کی شدید قلت پائی جا رہی ہے۔ سندھ کی فصل کی محدود آمد اور ایران سے کم درآمد کے باعث پیاز کی ہول سیل قیمت چند دنوں میں 3000 تا 3500 روپے فی 40 کلو سے بڑھ کر 6000 تا 6500 روپے فی 40 کلو تک جا پہنچی ہے۔

تاجروں نے بتایا کہ فی الحال پیاز کی برآمد پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے تاکہ مقامی سطح پر قیمتوں کو قابو میں رکھا جا سکے۔ تاہم ان کے مطابق کمشنر کراچی کی جانب سے مقرر کردہ سرکاری نرخ حقیقت سے میل نہیں کھاتے، کیونکہ پیاز کا سرکاری ریٹ 104 روپے فی کلو ہے لیکن مارکیٹ میں یہ 200 تا 220 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔

پنجاب کے بعض شہروں میں بھی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جہاں 105 کلو کا تھیلا 23 ہزار روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ سندھ کی نئی فصل آہستہ آہستہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں پہنچنا شروع ہو گئی ہے، جس سے آئندہ ہفتوں میں قیمتوں میں معمولی کمی آنے کی امید کی جا رہی ہے۔

ادارۂ شماریات کے حساس قیمت اشاریے (SPI) کے مطابق 2 اکتوبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں ملک کے مختلف شہروں میں پیاز کی اوسط قیمت 55 تا 140 روپے فی کلو تھی، جو 23 اکتوبر کے اختتام تک بڑھ کر 65 تا 160 روپے فی کلو ہو گئی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اقتصادی جائزہ رپورٹ برائے مالی سال 2025 کے مطابق پیاز کی پیداوار میں 16 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ مالی سال 2024 میں پیداوار 23.04 لاکھ ٹن تھی، جو رواں سال بڑھ کر 26.70 لاکھ ٹن ہو گئی ہے تاہم ماہرین کے مطابق یہ اضافہ سپلائی چین کے مسائل، برآمدی پابندیوں اور سرحدی کشیدگی کے باعث قیمتوں میں کمی لانے میں فی الحال مؤثر ثابت نہیں ہو سکا۔