ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پیٹرول فی لیٹر کتنا مہنگا ہو گا؟اہم خبر سامنے آ گئی

پیٹرول فی لیٹر کتنا مہنگا ہو گا؟اہم خبر سامنے آ گئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: پاکستان میں عالمی منڈی کی غیر یقینی صورتحال کے باعث نومبر کے پہلے 15دنوں کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے قیمتوں میں ردوبدل کی سمری تیار کرلی ہے، جو 31 اکتوبر کو وزیرِ خزانہ کو ارسال کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی منظوری کے بعد وزیر خزانہ 1 نومبر سے 15 نومبر تک کے لیے نئی قیمتوں کا باضابطہ اعلان کریں گے۔

اس وقت ملک میں پیٹرول 263.02 روپے فی لیٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل 275.42 روپے فی لیٹر، لائٹ ڈیزل 159.76 روپے فی لیٹر اور مٹی کا تیل 176.81 روپے فی لیٹر میں فروخت ہورہا ہے۔

ذرائع کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 2.35 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے، جس کے بعد نئی قیمت 265.37 روپے فی لیٹر ہوسکتی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2.50 روپے فی لیٹر اضافہ متوقع ہے جس کے بعد نئی قیمت 277.92 روپے فی لیٹر ہونے کا امکان ہے۔

اسی طرح مٹی کے تیل (کيروسین) کی قیمت میں 2 روپے 40 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل میں 50 پیسے فی لیٹر اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق یکم جون سے اب تک مٹی کے تیل کی قیمت میں 16 روپے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے فی لیٹر کا خالص اضافہ ہوچکا ہے۔

اس وقت حکومت پیٹرول اور ڈیزل دونوں پر تقریباً 98 روپے فی لیٹر محصولات وصول کر رہی ہے۔ حالانکہ جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) فی الحال صفر فیصد ہے، لیکن حکومت پیٹرول لیوی اور کلائمیٹ سپورٹ لیوی (CSL) کے تحت ڈیزل پر 79.50 روپے اور پیٹرول و ہائی آکٹین پر 80.52 روپے فی لیٹر چارج کر رہی ہے، جن میں ڈھائی روپے فی لیٹر سی ایس ایل شامل ہے۔

دوسری جانب عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی دیکھی گئی۔ برینٹ کروڈ آئل 7 سینٹ کمی کے ساتھ 64.33 ڈالر فی بیرل جبکہ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) 7 سینٹ کمی کے بعد 60.08 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہوا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ روس پر ممکنہ پابندیوں اور OPEC+ کی پیداوار میں اضافے سے متعلق خبروں نے عالمی مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال کو مزید بڑھا دیا ہے، جس کے اثرات پاکستانی منڈی پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔