تاجروں کی ہڑتال کامیاب، ایف بی آر سے معاہدہ طے پاگیا

تاجروں کی ہڑتال کامیاب، ایف بی آر سے معاہدہ طے پاگیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( شہزاد خان ) ایف بی آر سے معاہدہ طے پانے پر تاجروں نے ہڑتال ختم کردی، صدر پاکستان ٹریڈرز الائنس محمد علی میاں اور صدرآل پاکستان انجمن تاجران خالد پرویز نے معاہدے کو تاجروں کی فتح قرار دیدیا اور ساتھ ہی ساتھ شناختی کارڈ کی شرط ختم ہونے کی بجائے موخر ہونے پر تحفظات بھی ظاہر کئے۔

شہر سمیت ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال تاجر نمائندوں اور حکومت کے مابین معاہدے کے بعد ختم ہوگئی۔ معاہدے کے مطابق شناختی کارڈ کی شرط ختم ہونے کی بجائے تین ماہ کیلئے موخر کی گئی ہے۔ دس کروڑ سرمائے پر ٹرن اوور ٹیکس صفر اعشاریہ پانچ فیصد ہوگا۔ صدر پاکستان ٹریڈرز الائنس محمد علی میاں نے معاہدے کو تاجروں اور حکومت دونوں کیلئے مثبت قرار دیا۔

تاجر نمائندوں اور حکومت کے مابین معاہدے کے مطابق سیلز ٹیکس میں رجسٹریشن کیلئے بجلی کے بل کی حد چھ سے بڑھا کر بارہ لاکھ کردی گی، کم منافع والے تاجران کے ٹرن اوور ٹیکس کا تعین ازسر نو کیا جائے گا، ٹیکس ریٹرن فارم سادہ ہوگا۔ صدر آل پاکستان انجمن تاجران خالد پرویز نے معاہدے پر مثبت ردعمل دیا لیکن شناختی کارڈ کی شرط ختم نہ ہونے پر تحفظات بھی ظاہر کیے۔

تاہم انجمن تاجران لاہور کے صدر مجاہد مقصود بٹ نے معاہدے کو لالی پاپ قرار دیدیا۔ کہتے ہیں شناختی کارڈ کی شرط ختم کرنے کی بجائے موخر کرنا تاجروں کیساتھ زیادتی ہے۔