وزیر اعلیٰ پنجاب کا کچے میں ڈاکوؤں کے مکمل خاتمے کیلئے گرینڈ آپریشن کا حکم

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سعود بٹ: وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے  کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے مکمل خاتمے کے لئے گرینڈ آپریشن کا حکم دے دیا۔ 

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت رحیم یار خان ائرپورٹ پر اہم اجلاس طلب کیا گیا، اجلاس میں کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کا جائزہ لیا گیا۔ 

اجلاس میں آر پی او بہاولپور نے ڈاکوؤں کے حملے اور پولیس کے ایکشن کے بارے میں بریفنگ دی، گزشتہ روز پیش آنے والے افسوسناک واقعہ کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ آر پی او بہاولپور نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی کہ گزشتہ روز پیش آنے والے واقعہ میں پولیس کے 3 کانسٹیبل شہید ہونے۔پولیس کی کارروائی میں 4 ڈاکو مارے گئے۔

اجلاس میں محسن نقوی نے ڈاکوؤں کے مکمل خاتمے کے لئے گرینڈ آپریشن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکوؤں کے سہولت کاروں کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ کچے کے علاقے میں کاشت فصلوں کی فوری کٹائی کی جائے تاکہ شرپسندوں کو چھپنے کی جگہ نہ ملے ۔ 

واضح رہے کہ صوبائی وزراء عامر میر، ابراہیم حسن مراد، انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، ڈی پی او رحیم یار خان اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔