دورِ نایاب: بارش کے دوران شہری سہولت اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے چیف ٹریفک آفیسر سید عبدالرحیم شیرازی نے واسا ہیڈ آفس کا دورہ کیا جہاں نکاسی آب اور مانیٹرنگ سسٹم پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ایم ڈی واسا لاہور غفران احمد نے سی ٹی او لاہور کا استقبال کیا جبکہ ڈائریکٹر واسا مدثر جاوید نے نکاسی آب آپریشنز اور لائیو مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے انڈر پاسز کی نگرانی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ بارش کے دوران شہر کے نشیبی علاقوں اور اہم شاہراہوں پر پانی کی نکاسی کے لیے جدید مانیٹرنگ سسٹم فعال ہے اور تمام انڈر پاسز کی صورتحال کو لائیو مانیٹر کیا جا رہا ہے۔
سی ٹی او لاہور نے واسا کی کارکردگی اور ادارہ جاتی رابطے کو سراہتے ہوئے کہا کہ بارش کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے خصوصی پلان پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔
بعد ازاں ایم ڈی واسا اور سی ٹی او لاہور نے ارفع کریم ٹاور، پیکو روڈ، مبین شہید انڈر پاس، لبرٹی چوک اور چوبرجی سمیت مختلف اہم مقامات کا دورہ بھی کیا۔
ایم ڈی واسا نے نشیبی علاقوں اور اہم شاہراہوں پر ڈی واٹرنگ مشینری کی فوری دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی جبکہ مشترکہ طور پر ٹریفک پولیس اور واسا کے درمیان مؤثر رابطے اور معلومات کے فوری تبادلے پر زور دیا گیا۔
مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ اہم چوراہوں اور انڈر پاسز پر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مشترکہ ٹیمیں ہر وقت متحرک رکھی جائیں گی۔