ملک اشرف :پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں22روپے کمی کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں ایک اورمتفرق درخواست دائر کردی گئی۔
جوڈیشل ایکٹوزم پینل کی جانب سے ایڈووکیٹ محمد اظہر صدیق نے ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے ،درخواست میں مؤقف اختیارکیاگیاہے کہ پیٹرولیم مصنوعات پرلیوی بڑھانے کے حکومتی اقدام کے خلاف پہلے ہی درخواست زیر التواء ہے،حکومت ایک طرف قیمت کم جبکہ دوسری طرف ڈیزل پرلیوی بڑھا رہی ہے ۔
درخواست میں مؤقف اختیارکیاگیاہے کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی میں 10 روپے 93 پیسے فی لیٹر کا حالیہ اضافہ کیا گیا ،پیٹرول پر لیوی کم کر کے ڈیزل پر بڑھانا عوام کے ساتھ سراسر معاشی استحصال ہے۔درخواست میں موقف اختیارکیاگیاہے کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا کوئی شفاف فارمولا پبلک کرنے میں ناکام رہی ہے،عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی کے ثمرات ملکی صارفین کو مکمل طور پر منتقل نہیں کیے گئے ، عدالت پیٹرول اور ڈیزل پر عائد پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی کو فوری کم کرنے کا حکم دے ۔
درخواست میں مزید استدعاکی گئی ہے کہ قیمتوں کا تعین کرنے کے لیے ایک خود مختار آڈٹ اور شفاف طریقہ کار وضع کرنے کا حکم دیا جائے ، درخواست کے حتمی فیصلے تک پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کسی بھی اضافے کو روکنے کی بھی استدعاکی گئی ہے۔