ویب ڈیسک: پاکستان کی نامور اداکارہ، کامیڈین، گلوکارہ اور ماڈل وینا ملک طویل عرصے کی غیر موجودگی کے بعد ایک بار پھر شوبز انڈسٹری میں تہلکہ مچانے کے لیے تیار , اپنی نئی میوزک ویڈیو کی جھلکیاں شیئر کر دیں۔
حالیہ دنوں میں وینا ملک اپنی میوزک البم کی ریکارڈنگ میں مصروف رہی ہیں۔ اپنی تازہ ترین پوسٹ میں انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ اس وقت اپنے نئے گانے کی ویڈیو ریکارڈنگ میں مصروف ہیں۔
اس سے قبل وینا ملک نے اپنی میوزک ویڈیوز کے پردے کے پیچھے (بی ٹی ایس) مناظر مداحوں کے ساتھ شیئر کیے تھے اور ان پر اپنا نیا آنے والا گانا بھی شامل کیا تھا تاہم بعد میں یہ گانا ہٹا دیا گیا۔
اداکارہ کی جانب سے شیئر کی گئی مختلف تصاویر اور ویڈیوز میں ایک بار پھر وہی نوجوان نظر آ رہا ہے جس کے حوالے سے پوچھے گئے سوالات پر ماضی میں وینا ملک نے کوئی واضح جواب دینے سے گریز کیا تھا۔
یہ بھی قابل ذکر ہے کہ وینا ملک اس وقت مختلف پروجیکٹس میں سرگرم نظر آ رہی ہیں، جن میں ایک مزاحیہ شو کے علاوہ ان کا میوزک البم بھی شامل ہے۔
اس کے علاوہ وینا ملک کو حال ہی میں پاکستان کی فلم انڈسٹری کی معروف شخصیات کے ساتھ ملاقاتیں کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا ہے، جس سے ان کے آنے والے منصوبوں کے حوالے سے قیاس آرائیاں مزید بڑھ گئی ہیں۔