سٹی 42: لاہور کے علاقے کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے 14 بچوں کی ہلاکت کے واقعے پر سپیشل برانچ اور پولیس نے ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ مرتب کر لی ہے، جس میں حادثے سے متعلق اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق واقعہ بستی عید گاہ آہلو والی گلی، کاہنہ میں پیش آیا۔ حادثے کا شکار مکان چھ مرلہ رقبے پر مشتمل تھا، جہاں مالک مکان کی اہلیہ انیلا بچوں کو ٹیوشن پڑھاتی تھیں۔ زخمی ہونے والی انیلا کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حادثے کے وقت مکان میں تقریباً 18 سے 20 بچے موجود تھے، جبکہ جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں 6 سے 12 سال کے درمیان ہیں۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق مکان کی چھت ٹی آر گارڈر پر قائم تھی، جبکہ بالائی منزل پر ٹائلز لگانے کا کام جاری تھا۔ پولیس نے مالک مکان ریحان، اس کی اہلیہ انیلا اور تعمیراتی کام کرنے والے مستری سمیت 5 افراد کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔