عرفان ملک:وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے انسداد انسانی سمگلنگ سرکل لاہور نے کارروائی کرتے ہوئے مائیگرنٹ سمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث ایک مبینہ انسانی سمگلر کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت محمد عرفان کے نام سے ہوئی ہے، جسے قصور میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ملزم نے ایک شہری کو سپین کے ورک ویزا پر بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دے کر 50 لاکھ 50 ہزار روپے وصول کیے، تاہم وہ وعدے کے مطابق شہری کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہا اور رقم وصول کرنے کے بعد روپوش ہو گیا تھا۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم کو گرفتار کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ اس سے مزید اہم انکشافات اور دیگر ممکنہ متاثرین کے بارے میں بھی تحقیقات جاری ہیں۔