ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاکستان اور ایران میں تعلیمی و تجارتی تعاون بڑھانے پر اتفاق، پاکستانی سفیر کا زاہدان کا دورہ

پاکستان اور ایران میں تعلیمی و تجارتی تعاون بڑھانے پر اتفاق، پاکستانی سفیر کا زاہدان کا دورہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

انور عباس: ایران میں پاکستان کے سفیر عمران احمد صدیقی نے زاہدان کا دورہ کرتے ہوئے ایرانی حکام سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں پاکستان اور ایران کے درمیان تعلیم، تجارت، رابطہ سازی اور سرحدی انتظام کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

پاکستانی سفارت خانے کے مطابق سفیر نے مقامی حکومت کی دعوت پر یونیورسٹی آف سیستان و بلوچستان کا دورہ کیا، جہاں انہیں تعلیمی پروگراموں پر بریفنگ دی گئی۔ ملاقات میں یونیورسٹی اور پاکستانی جامعات کے درمیان روابط بڑھانے، موجودہ مفاہمتی یادداشتوں پر عمل درآمد کا جائزہ لینے اور متعلقہ تعلیمی پروگراموں میں پاکستان اسٹڈیز کے کورسز متعارف کرانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

بعد ازاں پاکستانی سفیر نے صوبہ سیستان و بلوچستان کے گورنر جنرل منصور بیجار سے ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں فریقوں نے تجارت، اقتصادی تعاون، رابطہ سازی اور زیر التوا منصوبوں کو جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیا، جبکہ میرجاوہ–تفتان سرحدی گزرگاہ کے ذریعے تجارتی سرگرمیوں کو مزید آسان بنانے کے لیے نئی تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔

گورنر جنرل منصور بیجار نے مشترکہ تجارتی کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں صوبائی نمائندوں کی شرکت کی تصدیق کرتے ہوئے ایران اور امریکہ کے درمیان پاکستان کے ثالثی کردار کو سراہا اور پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

سفیر عمران احمد صدیقی نے میرجاوہ–تفتان سرحدی گزرگاہ کا بھی دورہ کیا، جہاں ایرانی حکام کے ساتھ سرحدی انتظامات اور گاڑیوں کی ہموار و بلا تعطل آمدورفت کا جائزہ لیا۔ بعد ازاں انہوں نے سرحد کے پاکستانی حصے کا دورہ کیا، جہاں متعلقہ حکام نے انہیں انتظامات سے آگاہ کیا۔ دونوں ممالک نے سرحدی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

دورے کے اختتام پر پاکستانی سفیر نے زاہدان چیمبر آف کامرس میں مقامی کاروباری برادری سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تجارت بڑھانے، کاروباری اداروں کے براہِ راست روابط مضبوط بنانے اور اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کے مختلف امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔