کاوش میمن : پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار پر ٹرانسپورٹرز کا احتجاج ایک بار پھر شدت اختیار کرنے لگا۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے یومیہ تعین کے معاملے پر ٹرانسپورٹرز کے مسلسل اجلاس جاری ہیں۔ پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے آئندہ ایک سے دو روز میں ملک گیر ہڑتال کی کال دینے کا اعلان کیا ہے۔
ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ بڑھتے ایندھن کے اخراجات اور ٹیکسوں کے باعث کاروبار چلانا مشکل ہو گیا ہے۔
ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ ملک بھر کے گڈز ٹرانسپورٹرز سے مشاورت کا عمل آخری مرحلے میں ہے، جس کے بعد ہڑتال کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان کا کہنا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل ناقابل قبول ہے۔ ان کے مطابق بڑھتے اخراجات کے باعث ٹرانسپورٹ کا کاروبار شدید دباؤ کا شکار ہے۔
ملک شہزاد اعوان نے حکومت سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی، ٹول ٹیکس، ودہولڈنگ ٹیکس، موٹروے چارجز اور ٹریفک چالانوں میں ریلیف دینے کے ساتھ دسمبر میں ہونے والے معاہدے پر عملدرآمد کا بھی مطالبہ کیا ہے۔