کلیم اختر : کوآپریٹیو سوسائٹیوں میں غیر قانونی پلاٹ ٹرانسفر کا معاملہ، گورئمنٹ آفیسر کوآپریٹیو سوسائٹی نے غیر قانونی پلاٹ ٹرانسفر کروانے والے گروہ کےخلاف مقدمہ درج کروا دیا ۔
رائے ونڈ سٹی پولیس نے نائب صدر گورنمنٹ آفیسر سوسائٹی ندیم اکرام کی درخواست پر اغوا اور دھمکیوں کا مقدمہ درج کر لیا۔ نائب صدر کی مدعیت میں معظم علی، ہارون، خاور، ظفر اقبال اور 3 نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی، جس کے مطابق ملزمان پر اسلحہ کے زور پر اغوا کی کوشش، جان سے مارنے کی دھمکیاں اور ہراساں کرنے کی کوشش کی گئی۔ ملزمان خود کو حساس ادارے سے وابستہ ظاہر کر کے فون پر دھمکیاں دیتے رہے۔ گورئمنٹ آفیسر کوآپریٹیو سوسائٹی کی انتظامیہ کو 28 جنوری کو فون کال کے ذریعے اٹھا لینے کی دھمکی دی گئی، 29 جنوری کو مسلح افراد دفتر پہنچ گئے، زبردستی گاڑی میں بٹھانے کی کوشش کی، شور شرابے پر سوسائٹی کے افراد پہنچ گئے، اغوا کی کوشش ناکام بنا دی گئی، ملزمان غیر قانونی پلاٹ ٹرانسفر کروانا چاہتے تھے، انکار پر دھمکیاں دی گئیں۔
پولیس نے دفعات 365، 511 اور 506 کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔ ایف آئی آر تھانہ رائے ونڈ سٹی میں درج، تفتیش انویسٹی گیشن ونگ کے سپرد کر دی گئی۔
پولیس کے مطابق شواہد کی روشنی میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
