سٹی42: لاہور کے علاقے خیابان فردوسی میں سیوریج تبدیلی منصوبہ عوام کے لیے سنگین خطرے کا باعث بن گیا ہے۔ وا سا حکام نے بھاٹی چوک سانحے کے بعد بھی کوئی سبق نہیں سیکھا اور منصوبے پر حفاظتی اقدامات نہ ہونے کے باعث شہریوں کے جان و مال کے تحفظ پر سوالیہ نشان بن گیا ہے۔
شوق چوک سے میاں پلازہ تک مختلف مقامات پر کھلے گڑھے پڑے ہیں جبکہ گہری کھدائی کو ڈھانپا بھی نہیں جا سکا۔ واسا کی جانب سے سیوریج ڈالنے کے دوران کھدائی کی گئی تھی، مگر ڈیڑھ سال گزرنے کے باوجود منصوبے میں حفاظتی انتظامات نہ ہونے کے باعث شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
حال ہی میں تعمیر شدہ گڑھوں کو بھی مکمل طور پر کور نہیں کیا جا سکا، جس کے باعث یہ مقامات کسی بھی وقت جانی و مالی نقصان کا سبب بن سکتے ہیں۔ منصوبے کے دوران سیفٹی اقدامات کے لیے واسا اور کنٹریکٹرز کا عملہ تعینات ہی نہیں کیا گیا، اور واسا افسران صرف وائس چیئرمین اور ایم ڈی کے دورے کے دوران ہی نظر آتے ہیں۔
واسا کے کنٹریکٹرز کو سیفٹی اقدامات پر پابند بنانے یا جرمانہ کرنے کی کوئی کارروائی بھی نہیں کی گئی، جس سے منصوبے کی شفافیت اور عوامی تحفظ پر سوالات بڑھ گئے ہیں۔