عمر ان یو نس :سرکاری سکولوں کے طلباء کیلئے بری خبر، اگلے تعلیمی سال میں طلباء کو مفت کتابیں نہیں ملیں گی, واجبات کی عدم ادائیگی پر پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ نے اڑھائی کروڑ بچوں کو مفت کتابیں دینے سے انکار کر دیا۔
تفصیلا ت کے مطا بق پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ نے اگلے تعلیمی سال 2024- 25 میں سرکاری سکولز کے طلباء کو مفت کتابیں دینے سے انکار کردیا، حکومت پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کی 10 ارب کی مقروض ہے۔سابق وزیر تعلیم مراد راس کی غلط پالیسی غریبوں پر بھاری پڑ گئی ،مراد راس نے 18 ارب کی کتابیں ٹھیکیداروں سے چھپوائیں جبکہ حکومت نے 18 ارب میں سے صرف 8 ارب ادا کیئے۔
ٹیکسٹ بک بورڈ کے مطابق 10 ارب کے واجبات ادا نہیں کئے گئے، تو2024 میں مفت کتابیں نہیں چھپیں گی ،ٹیکسٹ بک بورڈ نے محکمہ سکول ایجوکیشن کو مراسلہ جاری کر دیا ہے،مفت کتابیں نہ ملیں تو سرکاری سکولوں کے اڑھائی کروڑ بچے تعلیم سے محروم ہو جائیں گے،پنجاب میں سرکاری سکولوں کے طلباء کو سالانہ فی کس 3 ہزار کی کتابیں مفت ملتی ہیں،رواں سال فنانس ڈیپارٹمنٹ نے مفت کتابوں کیلئے صرف ساڑھے 3 ارب مختص کیے ہیں۔
مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ کتابوں کی چھپائی کیلئے یہ رقم ناکافی ہے، اگر مزید رقم جاری نہ ہوئی تو سال کے آخر تک کتابوں کی چھپوائی ممکن نہیں ہوگی۔