ویب ڈیسک: قومی سلامتی کے سابق مشیر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر جنجوعہ کا کہنا ہے روایتی جنگ کی صلاحیت جوہری صلاحیت سے جڑی ہوئی ہے۔
نجی نیوز چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے قومی سلامتی کے سابق مشیر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر جنجوعہ کا کہنا تھا پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کا دروازہ بند ہو چکا ہے اور اگربند نہیں ہے تو پھر مکمل تباہی ہوگی۔
ناصر جنجوعہ کا کہنا تھا روایتی جنگ کی صلاحیت جوہری صلاحیت سے جڑی ہوئی ہے،پاکستان اور بھارت ودنوں جنگی صلاحیتوں سے لیس ہیں، ہم اپنے ملک کا بہت اچھے طریقے سے دفاع کر سکتے ہیں، اپنی ناکامی کو نیوکلیئر جنگ تک لے جانا اچھا خیال نہیں ہے، بھارت کو یہ سمجھنا چاہیے کہ ہم جواب دیں گے اور بات بڑھ جائے گی۔
پلوامہ پر ہمارے جواب کے بعد بھارت نے بات آگے نہیں بڑھائی تھی، جنگ کا راستہ بند رکھنا چاہیے ورنہ ہم ایک دوسرے کو تباہ کر دینگے، پاک، بھارت کشیدگی زیادہ بڑھی تو پوری دنیا معاملے میں کود پڑے گی، پس پردہ سفارتکاری کرکے حکمت سے کام لیا جاسکتا ہے۔
سابق مشیر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر جنجوعہ کا کہنا تھا کہ اپنی ناکامی کو جوہری جنگ تک لے جانا اچھی سوچ اور اچھی قیادت کی علامت نہیں ہے، بھارت اپنی ناکامی پاکستان پر ڈالنے کے بجائے پہلگام واقعے کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں لائے۔