اثاثہ جات کیس، عبدالعلیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع

اثاثہ جات کیس، عبدالعلیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(یاور ذوالفقار) احتساب عدالت نے آف شور کمپنیاں اورآمدن سےزائد اثاثہ جات کیس میں گرفتار تحریک انصاف کے رہنما عبدالعلیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 13 مئی تک توسیع کردی۔

تحریک انصاف کے رہنما عبدالعلیم خان کو جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے کے بعد احتساب عدالت کے جج جواد الحسن کے روبرو پیش کیا گیا، نیب کی جانب سے ریفرنس پیش نہ کرنے پر عدالت نے استفسار کیا کہ ریفرنس کیوں پیش نہیں کیا گیا، جس پر نیب نے آگاہ کیا کہ تفتیش ہو رہی ہے، جلد دائر کردیں گے۔

جج جواد الحسن نے ریمارکس دیئے کسی بھی ملزم کو غیر معینہ مدت کیلئے سلاخوں کے پیچھے نہیں رکھا جا سکتا، نیب پراسیکیوٹر وارث علی نے بتایا کہ آف شور کمپنیوں کے معاملے میں اور بھی لوگ ملوث ہیں جو فرار ہیں، تفتیشی افسر نے بتایا کہ  عبدالعلیم خان کیخلاف ریفرنس میں ماہرین کی رائے لی جانی ہے، اس لیے رپورٹ مرتب کرنے کیلئے مہلت دی جائے، جس پر عدالت نے نیب کو عبدالعلیم خان کے خلاف جلد از جلد ریفرنس دائر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے جوڈیشل ریمانڈ میں 13 مئی تک توسیع کردی۔

احتساب عدالت میں پیشی سے قبل سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، جوڈیشل کمپلیکس کی جانب آنے والے راستوں کو کنٹینرز اور خاردار تاریں لگا کر سیل کر دیا گیا تھا، کسی بھی کارکن کو احتساب عدالت جانے کی اجازت نہ دی گئی، راستے بند ہونےسےعوام کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

Sughra Afzal

Content Writer