سٹی42انکم ٹیکس ریٹرن 2025 جمع کرانے کے لیے صرف دو دن باقی ہیں، تاہم ٹیکس دہندگان اب بھی ایف بی آر کے آئی آر ایس سسٹم میں تکنیکی خرابیاں اور دیگر مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔
لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے اس ضمن میں وزیراعظم کو خط لکھ کر صورتحال سے آگاہ کیا ہے اور ریٹرن جمع کروانے میں درپیش مشکلات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ٹیکس دہندگان کا کہنا ہے کہ سافٹ ویئر میں غلط حسابات اور تاخیر کی وجہ سے ریٹرن جمع کرانا مشکل ہو رہا ہے۔ اس کے علاوہ اے او پی نے شیئر انکم پر غلط ٹیکس لاگو کیا اور غیر قانونی ٹیکس کی تقسیم کا مسئلہ بھی سامنے آیا ہے، جس کی وجہ سے ٹیکس دہندگان کو اضافی مشکلات کا سامنا ہے۔
انکم ٹیکس ریٹرن 2025 کی اشاعت میں 219 دن کی تاخیر ہوئی۔ ایف بی آر کی جانب سے ریٹرن فارم یکم دسمبر 2024 تک شائع ہونا تھا، لیکن یہ فارم 7 جولائی 2025 کو جاری کیا گیا، جس کے نتیجے میں قانونی مدت کے 49 دن ضائع ہو گئے۔ قانون کے مطابق ٹیکس دہندگان کو گوشوارہ جمع کروانے کے لیے صرف 92 دن کا وقت دیا گیا ہے۔
لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ آئی آر ایس سسٹم کی خرابیوں کے باوجود ایف بی آر نے آخری تاریخ برقرار رکھی، جس پر سخت تنقید کی گئی ہے۔ انہوں نے سفارش کی ہے کہ جمع کرانے کی تاریخ کو 30 نومبر تک بڑھایا جائے تاکہ ٹیکس دہندگان اپنی ریٹرنز بلاوجہ کی پریشانی کے بغیر جمع کروا سکیں۔
ایسوسی ایشن نے واضح کیا کہ اگر تاریخ میں توسیع نہ کی گئی تو بڑی تعداد میں ٹیکس دہندگان ریٹرن جمع نہ کر سکیں گے اور اس سے مالیاتی اور قانونی مشکلات پیدا ہوں گی۔