(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور بھارت میں کروڑوں دلوں پر راج کرنیوالے سپر اسٹار فواد خان آج اپنی 39 ویں سالگرہ منا رہے ہیں، اس موقع پر ان کے مداح انہیں سوشل میڈیا پر ڈھیروں مبارکباد دے رہے ہیں۔
سپر اسٹار چاکلیٹی ہیرو فواد خان نومبر 1981 کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ فواد افضل خان نے بطور گلوکار اپنے فنی کیرئیر کا آغاز کیا، انہوں نے احمد علی بٹ اور دیگر دوستوں کیساتھ ملکر ای پی بینڈ بنایا، ان کے کئی نغمے مشہور ہوئے۔2007 میں انہوں نے ہدایت کار شعیب منصور کی فلم’خداکے لیے‘میں اہم کردار نبھایا۔ فواد خان کو اصل شہرت اداکاری کے میدان میں ملی۔ 2011 میں ڈرامہ سیریل ہم سفر میں اشعر حسین کے کردار نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا، اگلے برس ڈرامہ سیریل زندگی گلزارہے میں انہوں نے زرعون جنید کا کرداراس خوبی سے نبھایا کہ ان کی شہرت کا ڈنکہ پوری دنیا میں بج اٹھا۔
فواد خان پاکستان کے وہ کامیاب اداکار ہیں جنہوں نے بالی وڈ میں بھی کامیاب اور سپر ہٹ فلمیں دیں جن میں فلم 'خوبصورت'، 'کپور اینڈ سنز' اور' اے دل ہے مشکل' شامل ہیں، انہیں ملک اور بیرون ملک کئی ایوارڈز سے نوازا گیا۔فواد خان کی آنے والی دھماکے دار فلم لیجنڈ آف مولا جٹ جلد نمائش کیلئے پیش کی جائے گی۔