ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

شاہ عالم مارکیٹ میں آتشزدگی، تاجروں کا لاکھوں روپے کا نقصان

شاہ عالم مارکیٹ میں آتشزدگی، تاجروں کا لاکھوں روپے کا نقصان
کیپشن: Fire Shah Alam Market
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

شہزاد خان ابدالی، وقاص احمد: شاہ عالم مارکیٹ میں واقع ریڈی میڈ گارمنٹس کے پلازے میں آتشزدگی کا واقعہ, بچوں کے گارمنٹس کے پلازے کو آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آتشزدگی کے باعث تاجروں کا لاکھوں روپے کا نقصان ہوگیا۔

دوپہر بارہ بجے شاہ عالم مارکیٹ میں واقع ریڈی میڈ گارمنٹس کے پلازے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے پلازے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے موقع پر پہنچ گئیں اور آگ کو مزید پھیلنے سے روکنے کیلئے امدادی سرگرمیوں کا آغاز کیا۔

دوسرے فلور پر لگنے والی آگ نے ریڈی میڈ گارمنٹس اور دکانوں میں لگے اے سیز اور وائرنگ کو شدید نقصان پہنچایا۔ آگ لگنے کی اطلاع پر صدر ریڈی میڈ گارمنٹس عمر جاوید بھی موقع پر پہنچے اور تاجروں کے ہمراہ ریسکیو اہلکاروں کی معاونت کرتے رہے۔ ریسکیو کی سرتوڑ کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔

آگ لگنے کا دوسرا واقعہ کوٹ لکھپت کچا جیل روڈ پر موٹر سائیکل کےسپیئر پارٹس بنانے والی فیکٹری میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق کوٹ لکھپت کچا جیل روڈ پر موٹر سائیکل کے پارٹس بنانے والی فیکٹری میں بجلی کا شارٹ سرکٹ ہونے کی وجہ سے آگ بھڑک اُٹھی۔آگ کے بڑھنے پر فیکٹری سے ملحقہ عمارتوں کو مکمل طور پر خالی کروالیا گیا۔ ریسکیو ٹیموں نے گھنٹوں کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پالیا۔

سی سی پی او لاہور کی ہدایت پر مقامی پولیس اور ایمرجنسی گاڑیوں کے راستہ کلئیر رکھنے کیلئے ٹریفک وارڈنز بھی موقع پر پہنچ گئے۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔عینی شاہدین کے مطابق آگ کی شدت اور دھویں نے پورے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔