عرفان خان: بیگم کوٹ کے علاقے میں دہی پر بالائی کم ڈالنے کے تنازع پر مشتعل گاہک نے ساتھیوں کے ہمراہ دودھ دہی کی دکان پر حملہ کر دیا۔
پولیس کے مطابق مشتعل افراد نے دکان پر دھاوا بولتے ہوئے پتھراؤ کیا اور دکاندار خادم حسین کو لاٹھیوں سے تشدد کا نشانہ بنایا۔ واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آ گئی ہے جو نجی چینل سٹی 42 نے حاصل کی۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث 10 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار افراد میں دلدار، اشفاق، شہباز، فریاد اور دیگر شامل ہیں۔
متاثرہ دکاندار کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔