ویب ڈیسک : پنجاب میں فضائی آلودگی کے خاتمے کیلئے 30 کروڑ ڈالر(84 ارب روپے) کے قرض کی منظوری دے دی گئی ہے، جس کا مقصد ہوا کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے جامع اقدامات اٹھانا ہے۔
عالمی بینک کی جانب سے پنجاب میں فضائی آلودگی کے خاتمے کے لیے 30 کروڑ ڈالر کے قرض کی منظوری دے دی گئی ہے۔ یہ رقم پنجاب کلین ایئر پروگرام کے تحت فراہم کی جائے گی۔
ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے کہا کہ پنجاب کلین ایئر پروگرام اسموگ کو کم کرنے کے منصوبوں میں معاون ثابت ہوگا اور یہ لاکھوں شہریوں کی صحت و بہبود کو بہتر بنانے کی اہم کوشش ہے۔ انہوں نےبتایا کہ صاف ہوا سے سانس اور دل کی بیماریوں میں کمی آئے گی۔
عالمی بینک کے مطابق اس پروگرام سے صوبائی حکومت کے اسموگ مٹی گیشن ایکشن پلان کو تقویت ملے گی اور ہوا کے معیار کے بہتر انتظام کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ مزید یہ بتایا گیا ہے کہ یہ پروگرام اس کے نئے کَنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے مطابق ہے اور اس کا ہدف اگلے 10 برسوں میں پی ایم 2.5 کی سطح میں 35 فیصد تک کمی لانا ہے۔