(عرفان ملک)ماسک نہ پہننے والے پولیس افسران واہلکاروں پر بھی مقدمات درج کرنے کافیصلہ کرلیا گیا، سی سی پی او غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ تمام اہلکار اور افسران کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کریں،مجھ سمیت تمام افسران اب سے سڑکوں پر ہونگے۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر لاہور پولیس نے بھی اہلکاروں کے لئے ماسک پہننا ضروری قرار دے دیا،ماسک نہ پہننے والے پولیس افسران واہلکاروں پر بھی مقدمات درج کرنے کافیصلہ کیاگیا، سی سی پی او غلام محمود ڈوگر کا کہناتھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نےپولیس اور ضلعی انتظامیہ کو فیلڈ میں چیکنگ کے احکامات جاری کئے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہناتھا کہ سی سی پی او ضلعی حکومتی ایس اوپیز کی چیکنگ یقینی بنائیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی نے تمام محکموں کو ہدایت کی تھی کہ بغیر ماسک کے کسی بھی شخص کو دفاتر میں داخل نہ ہونے دیں اور دفاتر کے باہر لکھ کر لگا دیں کہ بغیر ماسک داخلہ سختی سے منع ہے۔ محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کا کہنا تھا کہ بغیر ماسک سول سیکرٹریٹ میں بھی داخلہ بند کر دیا گیا ہے۔ ہر وزیٹر، افسروں اور ملازمین پر دفتری اوقات کے دوران ماسک کا پہننا لازمی ہے۔ جو ماسک نہیں پہنے گا اس کیخلاف کارروائی ہوگی اور اسے دفتر میں داخلہ کی اجازت نہیں ہوگی۔
علاوہ ازیں سی سی پی او غلام محمود ڈوگر نے پولیس فورس کو ماسک کا استعمال یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔ سی سی پی او آفس سمیت تمام پولیس دفاتر میں شہریوں کو ماسک کی پابندی کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ تھانوں اور پولیس خدمت مراکز میں اہلکاروں اور سائلین کو تھرمل گن سے ٹمپریچر چیک کرنے کے بعد اجازت دی جائے اور کھانسی نزالہ اور بخار ہونے کی صورت میں بھی کسی فرد کو اندر آنے کی اجازت نہیں دی جائے تاکہ فورس کو وبائی امراض سے بچایا جا سکے۔