کورونا وارڈز میں کام کرنیوالے ڈاکٹروں کو 1 ماہ کی اضافی تنخواہ دینے کا اعلان

کورونا وارڈز میں کام کرنیوالے ڈاکٹروں کو 1 ماہ کی اضافی تنخواہ دینے کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

مال روڈ (علی اکبر) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار  عثمان بزدار نے کہا ہے کہ انسداد کورونا مہم میں جاں بحق ہونے والے ملازمین، ڈاکٹروں اور ہیلتھ پروفیشنل کو شہداء پیکیج دیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے وزیراعلیٰ آفس میں خصوصی اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے بے شمار لوگوں کے روزگار متاثر ہوئے ہیں اورخاص طورپر دیہاڑی دار طبقہ اورمزدور بھائی اس کی وجہ سے مالی مشکلات کا سامنا کررہے ہیں، ہمیں ان کی مشکلات کا بھر پور احساس ہے، ہم ان کو مشکل کی گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑیں گے حکومت پنجاب ان کے ساتھ ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف جاری جنگ میں ڈاکٹراور ہیلتھ پروفیشنل ہیروہیں، ہم ان کی خدمات کو سلام پیش کرتے ہیں، ہم ڈاکٹرز اور ہیلتھ پروفشنلز جو کورونا وارڈز میں کام کررہے ہیں ان کیلئے ایک ماہ کی اضافی تنخواہ بطور پر سپیشل الاؤنس دیں گے، یہ ان کی خدمات کا معاوضہ نہیں بلکہ حکومت پنجاب کی طرف سے ان کی خدمات کا اعتراف ہے۔

وزیر اعلیٰ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ حکومت پنجاب صحافیوں کیلئے پیکیج کا بھی جائزہ لے گی اور ان کے مسائل کو حل کرنے کےلئے ضروری اقدامات کرے گی، کورونا مریضوں کا علاج کرنے والے عملے کے لئے پرسنل پروٹیکشن ایکیوپمنٹ ضرورت کے مطابق موجود ہیں،پریشانی کی کوئی بات نہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ کرفیو نہیں جزوی طور پر غیر ضروری ادارے بند کیے گئے ہیں، دفعہ 144 کی خلاف وزری کرنے کے خلاف کارروائی کو بھی مانیٹر کیا جارہا ہے۔

صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ حکومت اگلے بجٹ میں  100ارب روپے کے ایسے ترقیاتی منصوبے لائیں گے جہاں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو روزگار ملے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کے پروگرام کے تحت آن لائن سادہ فارم پر کر کے امداد حاصل کی جاسکتی ہے جس کو موجود ڈیٹا بیس پر چیک کرنے کے بعد امدادی رقم ٹرانسفر کی جائے گی۔

 وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کورونا وائرس کے سدباب کیلئے ریسرچ سرگرمیاں تیز کرنے کا حکم دے دیا۔

واضح رہےکہ دنیا بھر میں تباہی مچانے والے کورونا وائرس نے پاکستان میں بھی ڈیرے ڈال لیے، اس مہلک وائرس کے باعث 13 افراد موت کے منہ میں چلے گئے ہیں، ملک میں کورونا مریضوں کی تعداد 1500 سے تجاوز کر گئی، صوبہ پنجاب کورونا کیسز کی تعداد میں صوبہ سندھ سے بھی آگے نکل گیا، سندھ میں 481 خیبر پختونخوا میں 188، بلوچستان میں 138، گلگت بلتستان میں 107، اسلام آباد میں 43 ، پنجاب میں سب سے زیادہ 558 کیسز رپورٹ ہوئے۔  

Sughra Afzal

Content Writer