(قذافی بٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو بھی اپنے اختیارات کا احساس بلآخر ہو ہی گیا، وزراء کو اپنی کارکردگی بہتر کرنے کے لیے آخری وارننگ دے دی۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار متحرک ہوگئے ہیں، ہسپتالوں اور مختلف جگہوں کے دوروں کے بعد انہوں نے وزراء کے بھی کان کھنیچنے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے کابینہ کے اراکین کو واضح تنبیہہ کی گئی ہے کہ یا تو وہ اپنی کارکردگی درست کرلیں یا پھر وزارت واپس ہونے کے لیے ذہنی طور پر تیار رہیں،سردارعثمان بزدار نے وزراء کو اہم معاملات اور حکومتی فیصلے مشاورت سے کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ وزیراعلیٰ پنجاب وزراء کی مانیٹرنگ اب خود کریں گے، وزراء کے محکموں کی کارکردگی، اقدامات اور مستقبل کے لائن آف ایکشن کا جائزہ لیں گے، سردار عثمان بزدار تمام وزراء کی کارکردگی رپورٹ تیار کریں گے۔
وزراء وزیراعلیٰ پنجاب کو بتائیں گے کہ انہوں نے اپنے محکموں میں اب تک کیا کام کیا، کون سی اسکیمیں بنائیں، محکموں پر گرفت کیسی رہی اور عوام مفاد میں کونسی حکمت عملی بنائی گئی۔