وقاص احمد:برکت مارکیٹ میں ایل پی جی سلنڈر کی غیر قانونی ری فلنگ کے دوران آگ لگ گئی، آگ سے دکان میں موجود متعدد سلنڈر زور دار دھماکوں سے پھٹ گئے، جس سے علاقے میں خوف ہراس پھیل گیا۔
ایل پی جی سلنڈر کی دکان میں آگ لگنے کے چند ہی منٹ بعد دھماکوں کا سلسلہ شروع ہوگیا، جس سے برکت مارکیٹ لرز اٹھی۔ کئی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، متاثرہ دکان سے ملحقہ چار دکانیں منہدم ہوگئیں اور قریبی ورکشاپ میں کھڑی پندرہ سے زائد گاڑیاں بھی جل گئی ۔سلنڈر دھماکوں کی اطلاع پر ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچی اور اڑھائی گھنٹے بعد آپریشن مکمل کرلیا۔کمشنر لاہور کپٹن عثمان سمیت دیگر افسران موقع پر پہنچے اور امدادی کاموں کا جائزہ لیا۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکے اتنے شدید تھے کے دور تک آواز سنی گئی۔ شہر میں غیر قانونی ایل پی سلنڈر کی ری فلنگ کا کاروبار بند کروا کر مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب کمشنر لاہور کیپٹن ر محمد عثمان نے برکت مارکیٹ سلنڈر دھماکے کے حوالے سے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔کمیٹی ایک دن میں ابتدائی رپورٹ اور دو دن میں مفصل رپورٹ پیش کرے گی۔ ایڈیشنل کمشنر ریونیو، اے سی ماڈل ٹاؤن، ڈسٹرکٹ سول ڈیفنس آفیسر، ڈسٹرک آفیسر ریسکیو، ایم او ریگولیشن انکوائری کمیٹی میں شامل ہوں گے۔ اے سی جی عثمان جلیس نے انکوائری کمیٹی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔کمشنر لاہور نے سلنڈرز کے غیرقانونی کاروبار اور سلنڈر پھٹنے کی تحقیقات کیلئے انکوائری کمیٹی تشکیل دی ہے۔