( عابد چودھری ) بائیک پر گیند کیا لگا، ڈولفن اہلکاروں نے کرکٹ کھیلتے نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، سٹی فورٹی ٹو تشدد کے واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر لے آیا۔
اسلام پورہ میں ڈولفن اہلکاروں نے نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ نوجوان ضمیر اپنے دیگر دوستوں کےساتھ گلی میں کرکٹ کھیل رہا تھا کہ اسی دوران ڈولفن اہلکار گشت کرتے گزرے جن کی بائیک پر گیند لگ گئی۔ ڈولفن اہلکاروں نے نوجوان کا پیچھا کیا اور پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔
سٹی فورٹی ٹو کو موصول ہونے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈولفن اہلکار بیٹ سے بھی نوجوان پر تشدد کرتا ہے۔ اسی دوران گلی میں موجود بزرگوں نے نوجوان کی ڈولفن اہلکاروں سے جان چھڑائی۔
ایس پی ڈولفن راشد ہدایت کا واقعہ پر نوٹس لیتے ہوئے کہنا ہے کہ شہری کی درخواست پر ڈی ایس پی سٹی انکوائری مکمل کر چکے ہیں۔ شہری ضمیر نے دوران انکوائری اہلکاروں کے خلاف کارروائی نہ کرنے کی اپیل کی مگر اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب ای چالان جمع نہ کروانے پر جوہر ٹاؤن پولیس گھر کے باہر کھڑی موٹرسائیکل لے گئی۔ شہری یاسر نے اپنی موٹرسائیکل گھر کے باہر کھڑی کی۔ اس دوران دو پولیس اہلکار موٹرسائیکل کا لاک توڑ کر دھکا لگا کر اسے تھانے لے گئے۔
متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ تھانے پہنچ کر معلوم ہوا کہ موٹرسائیکل کا ای چالان ہو چکا جس پر پولیس اہلکار موٹرسائیکل گھر سے تھانے لے آئے۔ پولیس اہلکاروں کی موٹرسائیکل لے جانے کی سی سی ٹی وی میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اہلکاروں نے پہلے لاک توڑا اور پھر دھکا لگا کر موٹرسائیکل تھانے لے گئے۔