سٹی42: لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے مون سون سیزن کے دوران خراب ہونے والے بجلی کے میٹرز کو تبدیل کرنے کا اہم فیصلہ کرلیا ہے۔ کمپنی نے اس مقصد کے لیے 3 ارب 52 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کر لیا ہے۔
لیسکو بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اس خطیر بجٹ کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔ بجٹ کے تحت سنگل فیز، تھری فیز اور ایل ٹی ٹی او یو میٹرز کی تبدیلی ممکن بنائی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق نیپرا قوانین کے تحت لیسکو صارفین کے خراب میٹرز کو مفت تبدیل کرنے کی پابند ہے۔ کمپنی صارفین کو ڈیفیکٹو کوڈ لگا کر دو بلنگ سائیکل کے دوران میٹرز تبدیل کرنے کی ذمہ دار ہوتی ہے۔
خراب میٹر کی صورت میں لیسکو اوسط بل بھیجتی ہے، جو یا تو گزشتہ 11 ماہ کی اوسط، یا گزشتہ سال کے اسی مہینے کی بنیاد پر چارج کیا جاتا ہے۔