ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

عالی سطح پر سونے کی قیمتوں کا نیا ریکارڈ قائم

عالی سطح پر سونے کی قیمتوں کا نیا ریکارڈ قائم
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

اشرف خان:  جغرافیائی، سیاسی اور معاشی غیر یقینی صورتحال کے باعث سرمایہ کاروں کا اعتماد محفوظ اثاثوں پر بڑھتا جا رہا ہے جس کے نتیجے میں پاکستان سمیت عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں غیر معمولی تیزی دیکھی جا رہی ہے اور سونے نے نئی تاریخی بلندیاں قائم کر لی ہیں۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت میں ایک ہی دن میں 21 ہزار 200 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد قیمت 5 لاکھ 72 ہزار 862 روپے تک پہنچ گئی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر سونے کی قیمت میں 36 ہزار روپے فی تولہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ گزشتہ دو روز میں قیمت 42 ہزار 300 روپے بڑھ چکی ہے جو رواں برس دو دنوں میں ہونے والا سب سے بڑا اضافہ ہے۔

ملک میں 22 قیراط سونا 5 لاکھ 19 ہزار 750 روپے جبکہ 21 قیراط سونا 4 لاکھ 96 ہزار 125 روپے فی تولہ ہو گیا ہے۔ 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 18 ہزار 175 روپے اضافہ ہوا جس کے بعد 10 گرام سونا 4 لاکھ 91 ہزار 136 روپے کا ہو گیا ہے۔ چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے اور فی تولہ چاندی 12 ہزار 175 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔

دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جہاں فی اونس سونا ایک دن میں 212 ڈالر اضافے کے بعد 5505 ڈالر کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گیا جبکہ بعض رپورٹس کے مطابق قیمت 5557 ڈالر فی اونس تک بھی جا چکی ہے۔ عالمی منڈی میں چاندی بھی تیزی سے بڑھ رہی ہے اور 120 ڈالر فی اونس کی جانب گامزن ہے۔

ماہرین کے مطابق پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ایک دن میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 25 ہزار روپے سے زائد اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے اور آنے والے دنوں میں سونے کی قیمت 5 لاکھ 76 ہزار روپے فی تولہ سے بھی تجاوز کر سکتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جنوری 2026 میں اب تک سونے کی قیمت میں 27 فیصد اضافہ ہو چکا ہے جبکہ رواں ہفتے کے دوران قیمتوں میں 10 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سال 2025 میں مجموعی طور پر سونا 64 فیصد مہنگا ہوا تھا۔