احمد منصور: آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بہاولپور چھاؤنی کا دورہ کیا، جہاں انہیں بہاولپور کور کی جانب سے مختلف آپریشنل، تربیتی اور انتظامی سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل نے خیرپور ٹامیوالی میں منعقد کی گئی بڑے پیمانے کی تربیتی جنگی مشق “اسٹیڈفاسٹ ریزولو” (Steadfast Resolve) کا بھی مشاہدہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مشق کے دوران ڈرونز، جدید نگرانی کے آلات، الیکٹرانک وارفیئر اور جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹمز کا عملی مظاہرہ پیش کیا گیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جوانوں کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور عملی تیاری کو سراہا۔
جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ مسلح افواج ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں اور ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل کے میدانِ جنگ کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے ہر سطح پر اعلیٰ درجے کی تیاری ناگزیر ہے۔
فیلڈ مارشل نے واضح کیا کہ پاک فوج مختلف شعبوں میں بڑی تبدیلی کے عمل سے گزر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دورِ حاضر میں جنگ کی نوعیت بدل چکی ہے اور مستقبل میں ٹیکنالوجیکل جنگی صلاحیتیں جسمانی تدابیر کی جگہ لیں گی۔ انہوں نے جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے لیے ذہنی تبدیلی کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا اور انوویشن، انڈیجینائزیشن اور مقامی پیداوار پر زور دیا۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے روہی ای اسکلز لرننگ ہب کا افتتاح بھی کیا، جو جنوبی پنجاب اور ملک بھر کے طلبہ کے لیے ڈیجیٹل مہارتوں کے فروغ کے لیے قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے آرمی پبلک اسکول عباسیہ کیمپس کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ معیاری تعلیم اور کردار سازی کے لیے پاک فوج کا عزم برقرار ہے۔
فیلڈ مارشل نے ای ایم ای ریجنل ورکشاپ کا دورہ بھی کیا، جہاں انہیں جدید پلیٹ فارمز کی مینٹیننس، انڈیجینائزیشن اور جدید ٹیکنالوجی سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ بہاولپور گیریژن آمد پر کمانڈر بہاولپور کور نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔
بعدازاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔