( زین مدنی ) لاہور آرٹس کونسل کے زیراہتمام الحمرا آرٹ سینٹر میں 2 روزہ ’’ منٹو ڈرامہ فیسٹیول‘‘ کا آغاز ہوگیا، پہلے روز اجوکا تھیٹر کا ڈرامہ ٹوبہ ٹیک سنگھ اور عکس تھیٹر کا ڈراما منٹو سے ملیے پیش کیا گیا۔
معروف افسانہ نگار سعادت حسن منٹو کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے لاہور آرٹس کونسل کے الحمرا آرٹ سینٹر میں 2 روزہ ’’ منٹو ڈرامہ فیسٹیول‘‘ کا آغاز ہوا جس میں شائقین کی کثیر تعداد شریک ہوئی، پہلے روز اجوکا تھیٹر کے ڈرامے ٹوبہ ٹیک سنگھ کو منٹو کے نام کیا گیا، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں برصغیر پاک و ہند کی تقسیم کے موضوع کو نمایاں کیا گیا جس میں نوجوان فنکاروں نے اپنی فنی صلاحیتوں کو اُبھارا۔
منٹو ڈرامہ فیسٹیول کے پہلے روز دوسرا ڈرامہ عکس تھیٹر کا ڈرامہ منٹو سے ملیے پیش کیا گیا جسے بھی شائقین نے بے حد سراہا۔ منٹو سے ملیے ڈرامہ میں سعادت حسن منٹو کا پاکستان میں گزارا وقت دکھایا گیا۔
شائقین کا کہنا تھا کہ ایسے ڈراموں کی نما ئش سے جہاں انہیں منٹو کے حالات و واقعات سے آگاہی ہوئی وہیں عظیم افسانہ نگار کے لکھے ہوئے الفاظوں کا بھی پتہ چلا ہے۔