(قذافی بٹ) کرونا وائرس کے سائے پاکستان پر بھی منڈلانے لگے جس کے بعد عوام کی پریشانی عروج پر پہنچ چکی ہے،کرونا وائرس کی دہشت کی وجہ سےحکومت پنجاب نے اہم فیصلہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس سے بچاؤ کے لئے پنجاب حکومت نے آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے،مساجد سےکرونا وائرس آگاہی مہم چلائی جائے گی اورعلما کرام کی مدد لینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے،وزیر اعلیٰ پنجاب نے وزارت مذہبی امور کو ہدایات جاری کر دیں،وزیراعلیٰ پنجاب کا کہناتھا کہ علما کرام کرونا وائرس سے بچاؤ کے لئےعوام کو احتیاطی تدابیر بارے آگاہ کریں۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا مزید کہناتھا کہ نماز کے بعدکرونا وائرس کی آگاہی کیلئے نشستیں کروائی جائیں،کورونا وائرس سے آگاہی کے لئے علما کرام کے ویڈیو پیغامات جاری کرنے کی ہدایت کی گئی ہے،دوسری جانب کورونامانیٹرنگ روم ،پرائمری ہیلتھ کیئرنےتازہ صورتحال جاری کردی ۔
ترجمان پرائمری ہیلتھ کیئر کا کہنا تھا کہ صوبہ بھر میں کرونا کاکوئی مریض زیرعلاج نہیں،صوبہ بھر میں اس وقت کورونا کا کوئی مریض زیر علاج نہیں،اس وقت 4 مشتبہ مریض آئسولیشن وارڈز میں موجود ہیں، صوبہ بھر کے ڈسٹرکٹ، تحصیل اور سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ہسپتالوں میں 18 مشتبہ مریض داخل ہوئے،18 مریضوں کو کلئیر قرار دیتے ہوئے ڈسچارج کیا جا چکا ہے۔
مختلف علاقوں سے سامنےآنے والے4 مشتبہ مریضوں میں ابھی تک کرونا وائرس کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں،اب تک پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں داخل کسی بھی مریض میں کرونا وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی۔
علاوہ ازیں کرونا وائرس کے پیش نظر سول ایوی ایشن انتظامیہ بھی متحرک ہوگئی ہے،سی اے اے نےملک بھر کے ائیرپورٹس سے مسافروں کا روزانہ کی بنیاد پر مکمل ڈیٹا اکٹھا کرنے کا فیصلہ کیا ہے،لاہور سمیت ملک کے تمام ائیرپورٹس مینجرز کو مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے۔