ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

 سال 2026 میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق بڑی خبر آگئی

 سال 2026 میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق بڑی خبر آگئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: سال 2026 کے آغاز کے ساتھ ہی خلیجی ممالک میں ایندھن کی ممکنہ قیمتوں سے متعلق تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔

خلیجی میڈیا رپورٹس کے مطابق کویت نے 2026 کی پہلی سہ ماہی تک ایندھن کی موجودہ قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت کویت میں پریمیم پیٹرول کی قیمت 85 فلس فی لیٹر، ریگولر پیٹرول 105 فلس فی لیٹر جبکہ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمت 115 فلس فی لیٹر برقرار رہے گی۔

مزید برآں ریاستی کمیٹی نے سبسڈی کے نظام کا جائزہ لیتے ہوئے الٹرا (98 آکٹین) پیٹرول کی قیمت 200 فلس فی لیٹر مقرر کرنے کی بھی منظوری دے دی ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ تمام قیمتیں یکم جنوری سے 31 مارچ 2026 تک نافذ العمل رہیں گی۔

دوسری جانب خلیجی خطے کے بیشتر ممالک ایندھن کی قیمتوں کو آزاد کرنے کی پالیسی اپنا چکے ہیں، جس کے تحت قیمتوں کا تعین عالمی تیل منڈی میں ہونے والے اتار چڑھاؤ کے مطابق کیا جاتا ہے اور عام طور پر ہر ماہ کے اختتام پر نئی قیمتوں کا اعلان کیا جاتا ہے۔

متحدہ عرب امارات میں جنوری 2026 کے لیے ایندھن کی قیمتوں کا اعلان آئندہ دنوں میں متوقع ہے۔ دسمبر کے اختتام پر عالمی تیل منڈی میں معمولی اضافے کے بعد نئے مہینے میں قیمتوں پر اس کے اثرات مرتب ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

دسمبر کے دوران متحدہ عرب امارات میں سپر 98 پیٹرول کی قیمت 2.63 درہم سے بڑھ کر 2.70 درہم فی لیٹر ہو گئی، جو گزشتہ ماہ کے مقابلے میں تقریباً 2.7 فیصد اضافہ ہے۔ اسی طرح اسپیشل 95 پیٹرول 2.51 سے بڑھ کر 2.58 درہم، ای پلس 91 پیٹرول 2.44 سے بڑھ کر 2.51 درہم جبکہ ڈیزل کی قیمت 2.67 سے بڑھ کر 2.85 درہم فی لیٹر تک پہنچ گئی۔