ویب ڈیسک : امن وامان کی صورتحال کے پیشِ نظر حکومت بلوچستان نے صوبے بھر میں مزید 15 دن کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی۔
محکمہ داخلہ بلوچستان کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق موٹر سائیکل پر ڈبل سواری، اسلحہ کی نمائش، اور پانچ یا اس سے زائد افراد کے اجتماعات، دھرنوں اور ریلیوں پر 15 روز کے لیے پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ مرد حضرات کے لیے نقاب پہننے یا منہ ڈھانپنے پر بھی پابندی عائد ہوگی۔
علاوہ ازیں گاڑیوں پر کالے شیشے لگانے پر پہلے ہی سے پابندی نافذ ہے جس پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پابندی کے حوالے سے حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد عوام کے تحفظ کو یقینی بنانا اور کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ ہے۔
جاری کردہ اعلامیے کے مطابق دفعہ 144 مزید 15 روز کے لیے نافذالعمل ہوگی جو 31 اگست سے 14 ستمبر تک جاری رہے گی۔
