( شاہد ندیم ) لیسکو نے یوم عاشور کے مرکزی جلوس کے روٹ کو بجلی کی لوڈشیڈنگ سے مستثنی قرار دے دیا، تین گرڈ سٹیشنز سے نو اور دس محرم الحرام بلا تعطل بجلی فراہم کی جائیگی۔
یوم عاشور کے مرکزی جلوس کو روٹ کو بجلی کی لوڈشیڈنگ سے مستثنی قرار دے دیا گیا ہے۔ نو اور دس محرم الحرام کو اندرون لاہور میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی، لیسکو نے تین گرڈ سٹیشنز سے بلا تعطل بجلی فراہم کرنے کا پلان ترتیب دیا ہے جن میں موچی گیٹ، فورٹ اور بھاٹی گرڈ سٹیشن شامل ہیں۔
مجموعی طور پر اکیس الیون کے وی فیڈرز سے سپلائی دی جائیگی، لیسکو کی شاہ عالم، شیرانوالہ، بھاٹی اور کریم پارک سب ڈویژن کا عملہ ڈیوٹی دے گا۔ نو اور دس محرم الحرام پر چوبیس گھنٹے لیسکو ملازمین ڈیوٹی انجام دیں گے۔ فنی خرابی کی صورت میں کربلا گامے شاہ اور نثار حویلی پر لیسکو نے اضافی جنریٹر نصب کر دیئے ہیں۔
لیسکو چیف مجاہد پرویز چٹھہ نے پاور کنٹرول سنٹر کا دورہ کیا اور شہر میں بجلی کی فراہمی پر بریفنگ لی۔ لیسکو چیف کو پاور کنٹرول سنٹر کے عملہ کی ڈیمانڈ اور سپلائی پر بریفنگ دی گئی۔ مجاہد پرویز چٹھہ کے مطابق یوم عاشور پر بلا تعطل فراہمی کی خود مانیٹرنگ کرونگا، تمام کیٹگریز میں عارضی طور پر لوڈشیڈنگ ختم کی گئی ہے۔ افسران کو مجالس اور جلوسوں میں ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں۔