علی رامے: پنجاب حکومت نے شعبہ صحت میں بہتری کیلئے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جو محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے تحت کام کرے گا۔
حکام کے مطابق یونٹ کیلئے 24 اعلیٰ عہدوں پر بھرتیاں کی جائیں گی، جن میں پراجیکٹ ڈائریکٹر، ہیلتھ اکنامسٹ، ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور ڈیٹا اینالسٹ سمیت دیگر اہم تکنیکی عہدے شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پراجیکٹ ڈائریکٹر کی ماہانہ تنخواہ 7 لاکھ 50 ہزار روپے جبکہ دیگر افسران کیلئے 5 سے 6 لاکھ روپے تک معاوضہ مقرر کیا گیا ہے۔ بھرتیاں ایک سال کیلئے کنٹریکٹ بنیادوں پر کی جائیں گی، تاہم منصوبے کی تکمیل تک پروگرام جاری رکھا جائے گا۔
اعلان کے مطابق صرف پنجاب ڈومیسائل رکھنے والے امیدوار درخواست دینے کے اہل ہوں گے، جبکہ خواتین، اقلیتوں اور خصوصی افراد کیلئے بھی کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔
امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی درخواستیں 12 مئی 2026 تک لاہور میں متعلقہ دفتر میں جمع کروائیں۔