(احمد منصور)پاک افغان سرحد کے چمن سیکٹر میں افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کی جانب سے بلا اشتعال جارحیت کے بعد صورتحال کشیدہ ہو گئی، جس پر پاک فوج نے فوری اور مؤثر جواب دیتے ہوئے بھرپور کارروائیاں کی ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان کی جانب سے کی جانے والی کارروائیوں کے جواب میں پاک فوج نے آپریشن “غضب للحق” کے تحت بھرپور جوابی کارروائی شروع کی، جس کے دوران چمن سیکٹر میں متعدد دشمن چوکیوں اور گاڑیوں کو درست نشانے پر تباہ کر دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی مؤثر اور منظم کارروائیوں کے باعث افغان طالبان اور ان سے منسلک عناصر کو پسپائی اختیار کرنا پڑی،کارروائی کے دوران دشمن کی کئی پوزیشنز کو شدید نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق پاک فوج ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے ہر وقت چوکس اور تیار ہے، اور کسی بھی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
سیکیورٹی ذرائع نے مزید کہا کہ آپریشن غضب للحق اس وقت تک جاری رہے گا جب تک تمام مقررہ اہداف حاصل نہیں ہو جاتے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم پر قائم ہیں اور ہر قسم کی دراندازی یا جارحیت کا مؤثر جواب دیا جاتا رہے گا۔