سٹی42: سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے درمیان آج منگل کے روز ٹیلیفون پر رابطہ ہوا ہے جس میں بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی کی پیدا کردہ کشیدگی کے تناظر میں سکیورٹی کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے پہلگام میں حملے پر نریندر مودی کے’بے بنیاد‘ انڈین الزامات کی تردید کی اور واقعے کی غیر جانبدار اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ دہرایا۔
وزیر اعظم شہباز نے واضح کیا کہ تین دریاؤں کا پانی 24 کروڑ پاکستانیوں کی لائف لائن ہے۔ انڈیا کی طرف سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی غیر ذمہ دارانہ حرکت ہے اور یہ حرکت ناقابل قبول ہے۔
پی ٹی وی کے مطابقوزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’انڈیا کی کسی مہم جوئی کی صورت میں پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا پوری طاقت سے دفاع کرے گا۔‘ انھوں نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے کہا کہ وہ انڈیا کو ذمہ دارنہ طرز عمل اختیار کرنےکا مشورہ دیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ جموں و کشمیر کا حل طلب مسئلہ جنوبی ایشیا میں عدم استحکام کی بنیادی وجہ ہے۔ انھوں نے اقوام متحدہ کے سیکرتٹری جنرل پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق اس کے منصفانہ حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
Stay tuned with 24 News HD Android App