فاران یامین: گرینڈ ہیلتھ الائنس کا مال روڈ پر تین ہفتوں سے جاری دھرنا پولیس ختم کروانے میں کامیاب، پولیس نے رات گئے آپریشن کرتے ہوئے دھرنے میں موجود شرکاء کو حراست میں لے لیا۔
مال روڈ پر محکمہ صحت میں شامل ہسپتالوں کی نجکاری کیخلاف گرینڈ ہیلتھ الائنس کی جانب سے دھرنا دیا ہوا تھا، جسے تین ہفتوں بعد بالآخر پولیس ختم کروانے میں کامیاب ہوگئی، رات گئے پولیس کی بھاری نفری نے سوئے ہوئے دھرنا کے شرکاء پر دھاوا بولا۔
زبردستی لگائے گئے کیمپ اکھاڑ دیئے، نہ خواتین کا لحاظ رکھا نہ مردوں کو بخشا، تمام شرکاء کو بلا تفریق حراست میں لے لیا گیا، آپریشن کے دوران رات گئے کہیں خواتین اہلکار نظر نہ آئیں، مرد پولیس اہلکار ہی مال روڈ پر موجود دکھائی دیئے، دھرنا ختم کروانے کے بعد پولیس نے ٹینٹ، سمیت مظاہرین کا تمام سامان قبضہ میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق دھرنے کے مقام سے پولیس نے 52 خواتین اور 20 مردوں کو حراست میں لیا، جنہیں شہر کے مختلف تھانوں میں منتقل کر دیا گیا، جبکہ رات گئے مال روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔