ویب ڈیسک : بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کی معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر نِدھی تیواری نے 30 برس کی عمر میں خودکشی کرلی۔
نِدھی تیواری کے فیس بک اور انسٹاگرام پر مجموعی طور پر 16 لاکھ کے قریب فالوورز تھے۔ وہ وِنْدھیا خطے کی نمایاں سوشل میڈیا شخصیات میں شمار ہوتی تھیں، جہاں ان کی پوسٹس پر ہزاروں ردعمل آتے اور ویڈیوز کو لاکھوں مرتبہ دیکھا جاتا تھا۔
نِدھی کی لاش ہفتے کے روز بھوسا موڑ میں واقع ان کے گھر سے پھندے سے لٹکی ہوئی ملی۔ اہل خانہ انہیں اسپتال لے گئے، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔مقامی افراد کے مطابق نِدھی اداکاری اور فلمی دنیا میں کیریئر بنانے کی خواہش مند تھیں۔ وہ ماڈلنگ، مختلف تقریبات اور ڈیجیٹل مواد سے بھی وابستہ رہیں۔ 2024 میں انہوں نے ’مس پریٹی انڈیا‘ کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔
اہل خانہ کا کہنا ہے کہ نِدھی ہفتے کی شام کسی شخص سے فون پر بات کر رہی تھیں، جس کے بعد یہ واقعہ پیش آیا۔ تاہم، پولیس نے واضح کیا ہے کہ موت کی وجوہات کے بارے میں فی الحال کوئی حتمی نتیجہ اخذ نہیں کیا جاسکتا۔
پولیس کے مطابق نِدھی کی فون کالز، ڈیجیٹل سرگرمیوں اور واقعے سے قبل کے حالات سمیت دیگر شواہد کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ پولیس اہل خانہ، دوستوں اور نِدھی سے وابستہ دیگر افراد سے بھی معلومات حاصل کر رہی ہے۔