(وقاض احمد) شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ،زخمی بچہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، پولیس نے لاش پوسٹمارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دی۔
تفصیلات کے مطابق شادی کی تقریب میں فائرنگ سے زخمی ہو نےوالا بچہ سروسز ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ہڈیارہ کے علاقے نروڑ گاؤں میں گزشتہ روز فائرنگ سے بچہ زخمی ہوا تھا ۔9 سالہ عثمان کزن کی مہندی کی تقریب میں شریک تھا۔تقریب میں ہوائی فائرنگ سے عثمان زخمی ہوگیاتھا، پولیس نے والد احمد دین کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کررکھا ہے۔ پولیس نے لاش پوسٹمارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دی ہے۔
واضح رہے کہ صوبائی دارالحکومت میں ہوائی فائرنگ کرنے کے واقعات میں کمی کی بجائے اضافہ ہورہا ہے،گزشتہ کئی برسوں سے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر اسلحہ کی نمائش یا اسے غیر قانونی طور پر رکھنے کی سخت پابندی ہے لیکن عموما رات کے وقت شہر کے مختلف علاقوں میں جاری شادی بیاہ کی تقریب میں ہونے والی ہوائی فائرنگ کی آوازیں سنی جاتی ہیں جس سے شہریوں میں خوف وہراس پیدا ہو گیا ہے۔
ان عوامل کے نتیجے میں رونما ہونے والے حادثات کی خبریں نظر تو آتی ہیں لیکن ارباب اختیار خصوصا پولیس، ڈولفن فورس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ نوجوان نسل میں ہوائی فائرنگ کرکے ویڈیو سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرنا ٹرینڈ بن چکا ہے۔ اس کے باوجود اکثر پولیس اہلکار اس کا نوٹس نہیں لیتے یا اس وقت کارروائی کرتے ہیں جب فائرنگ سے قیمی جان کا ضیاع ہوجاتا ہے۔
دوسری جانب شہریوں کا کہناتھا کہ ہوائی فائرنگ کر نےوالوں کےخلاف پولیس کو سخت سے سخت کارروائی کرنی چاہیے مگرپولیس ہے کہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔