( سعید احمد سعید ) کورونا وائرس کے سدباب کیلئے وزیر ریلوے شیخ رشید کی ہدایت پر ریلوے کیرن ہسپتال میں انتظامات کا سلسلہ جاری، ہسپتال میں آئسو لیشن رومز اور قرنطینہ قائم کر دیا گیا۔
ریلوے ہیڈ کوارٹر، ڈویژنل دفاتر اور ریلوے ورکشاپس میں کام کرنے والے ملازمین کیلئے پیشگی انتظامات کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور ریلوے کیرن ہسپتال میں وزیر ریلوے کی ہدایت پر قرنطینہ بنا دیا گیا۔ ہسپتال میں پہلے مرحلے میں پندرہ بیڈز پر مشتمل قرنطینہ قائم کیا گیا ہے جبکہ چھ آئسولیشن رومز بنائے گئے ہیں۔
ایم ایس ریلوے کیرن ہسپتال ڈاکٹر عثمان غنی کا کہنا ہے کہ وزیر ریلوے اور ریلوے ہیڈکوارٹر کے احکامات کی روشنی میں قرنطینہ قائم کیا گیا ہے۔ قرنطینہ ریلوے ملازمین میں سے مشتبہ مریض کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
سٹاف نرس کا کہنا تھا کہ عوام کی جانب سے میڈیکل سٹاف کی عزت افزائی کی جا رہی ہے، لہذا ہمارا بھی فرض بنتا ہے کہ کورونا کے خلاف جنگ میں اپنا ہر ممکن کردار ادا کریں۔
ایم ایس ڈاکٹر عثمان غنی نے بتایا کہ قرنطینہ میں چھے ڈاکٹرز، 10 نرسز سمیت پیرامیڈیکل سٹاف کا عملہ 24 گھنٹے تعینات رہے گا۔ گزشتہ روز پارلیمانی ہیلتھ سیکرٹری ڈاکٹر نوشین حامد نے بھی ہسپتال کا دورہ کیا۔
ڈاکٹر نوشین حامد نے قرنطینہ اور آئسولیشن رومز کے لیے حفاظتی کٹس اور ضروری آلات کی فراہمی کی یقین دہانی کروائی ہے۔