طاہر جمیل:لاہور میں پتنگ بازی کے سامان کے حوالے سے نئے قواعد و ضوابط کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
کمشنر لاہور مریم خان کے مطابق آج سے دیگر شہروں سے پتنگ بازی کا سامان صرف لائسنس ہولڈرز کو لانے کی اجازت ہوگی۔ اس کے لیے گڈے اور ڈور لانے والے افراد کو پرمٹ لینا لازمی ہوگا۔
کمشنر نے بتایا کہ لاہور میں پتنگ بازی کے سامان کی مہنگائی اور قلت کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ سی سی پی او لاہور نے کہا کہ دیگر شہروں سے پتنگ اور ڈور کے آنے سے قیمتوں میں کمی آئے گی، جبکہ کوئی شخص کسی سیاسی شخصیت کی تصویر والے گڈے نہیں اڑا سکتا۔
سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے مزید وضاحت کی کہ 18 سال سے کم عمر کے بچے بھی پتنگ بازی کر سکتے ہیں، تاہم غیر قانونی ڈور اور پتنگ کے استعمال پر والدین کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ یہ اقدام شہریوں کی حفاظت اور پتنگ بازی کے دوران نظم و ضبط قائم رکھنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔