عرفان ملک:لاہور میں وی وی آئی پیز کی سکیورٹی مزید مؤثر بنانے کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سکیورٹی ڈویژن لاہور نے اہم سکیورٹی مقامات پر جدید کیمروں کی تنصیب کے لیے تیاری شروع کر دی ہے۔
ہوم ڈیپارٹمنٹ نے سی سی ٹی وی منصوبے کے لیے سمری کابینہ کو بھی بھجوا دی ہے، جس میں فنڈز کی درخواست بھی شامل ہے۔ منصوبے کے لیے 1 کروڑ 60 لاکھ 30 ہزار روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق منصوبے میں تمام ضروری آلات شامل ہوں گے اور سکیورٹی ڈویژن لاہور میں نگرانی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔
سکیورٹی ڈویژن، جو وزیر اعلیٰ، جوڈیشری اور دیگر وی وی آئی پیز کی سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتا ہے، اس منصوبے کے تحت نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط اور مؤثر بنانے کے لیے اقدامات کرے گا۔ اس منصوبے سے نہ صرف اہم مقامات کی حفاظت بہتر ہوگی بلکہ وی وی آئی پیز کی سکیورٹی میں بھی اضافہ ہوگا۔