لاہور سمیت کئی شہروں میں پی ٹی آئی کی ریلیاں، پولیس نے درجنوں کارکن گرفتار کرلیے

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کی کال کے بعد لاہور، کراچی ، پشاور سمیت مختلف علاقوں میں ریلیاں نکالنے کی کوشش کی گئی، تاہم پولیس نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے ریلیوں میں شرکت کرنے والے متعدد کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔ 

بانی پی ٹی آئی کی کال کے بعد آج لاہور کے علاقے علامہ اقبال روڈ این اے  119میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار میاں شہزاد فاروق کی قیادت میں ریلی نکالی گئی، ریلی میں مردوں ، عورتوں اور خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی لیکن کارکنوں کی تعداد زیادہ ہونے پر راستے سے ہٹ گئی۔ علامہ اقبال روڈ بانی چیرمین کے نعروں سے گونج اٹھا۔ 

کراچی میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے بانی پی ٹی آئی کی کال کے بعد کلفٹن میں ریلی نکالی، تاہم پولیس نے 50 سے زائد کارکنان کو حراست میں لے لیا۔

کراچی میں  تین تلوار پر پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے ریلی نکالی گئی، جہاں پولیس نے دھاوا بول دیا، تین تلوار پر کارکنان اور پولیس میں تصادم ہوا، جس کے بعد  تین تلوار میدان جنگ بن گیا، کارکنوں نے پولیس پر پتھروں اور ڈنڈوں سے حملہ کیا، ایس ایچ او سمیت متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ پولیس نے ریلی میں شرکت کےلیے آنے والے کارکنوں کو منتشر کر کے 20 سے زائد مظاہرین کو حراست میں لے لیا۔ ساوتھ پولیس تین تلوار پر آپے سے باہر ہوگئی، ریلی میں موجود میڈیا نمائندوں اور کیمرامین پر تشدد کر ڈالا، ساوتھ پولیس نجی ٹی وی چینل کے رپورٹر افضل پرویز اور پی این این رپورٹر پر شدید تشدد کیا۔ 

پولیس کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب پولیس موبائل پر حملہ کیا گیا ہے، جس میں ایس ایچ او بوٹ بیسن ریاض نیازی شدید زخمی ہوگئے، انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

راولپنڈی میں این اے 56 میں ریلی نکالی گئی جو ڈھوک رتہ سے ہوتی ہوئی ریلی سید پور روڈ پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں موجود کارکنوں نے پی ٹی آئی پرچم اور عمران خان کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں۔ پولیس نے کریک ڈاؤن کرکے دس کارکنوں کو تحویل میں لے لیا۔ راولپنڈی میں این اے 56 میں بھی پی ٹی آئی آزاد امیدوار سمابیہ طاہر کی جانب سے انتخابی ریلی نکالی گئی، انتخابی ریلی پرانے ایئرپورٹ کے قریب سے گزر رہی تھی کہ اسی دوران پولیس نے دھاوا بول دیا، پولیس اور شرکا میں ہاتھا پائی بھی ہوئی۔ جس کے بعد پولیس نے ریلی کے متعدد شرکا کو تھانہ ایئرپورٹ  گرفتارکر لیا۔ 

پشاور میں بھی پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے ریلی نکالی گئی تاہم پولیس نے کارکنان کو رنگ روڈ پر روک دیا، جس کے بعد پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں میں ہاتھا پائی ہوئی۔ پولیس نے کئی پی ٹی آئی کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنوں نے ریلی کے لئے این او سی نہیں لیا جس کے بغیر جو بھی روڈ پہ آئے گا گرفتار کیا جائے گا۔