سٹی 42 :سماجی رابطے کے سب سے بڑے پلیٹ فارم فیس بک نےسیاسی و معاشرتی سرگرمیوں سے متعلق تجاویز کو ختم کرنے کے حوالے سے اپنی پالیسی میں تبدیلی کا فیصلہ کرلیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سرمایہ کاروں سے بات چیت کرتے ہوئے فیس بک کےبانی مارک زکربرگ نےکہا کہ فیس بک پالیسی میں تبدیلی کیپیٹل ہل حملے کے بعد کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ کمپنی اپنے پلیٹ فارم سے سیاسی مواد کو کم کرنے پربھی غورکررہی ہے کیونکہ عوامی رد عمل سے علم ہوا کہ صارفین فیس بک پر سیاست اورلڑائی نہیں چاہتے۔
واضح رہےکہ امریکی پارلیمنٹ کیپیٹل ہل پر حملے کے بعد سابق امریکی صدر ٹرمپ نے فیس بک پوسٹ سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے حملے کی حوصلہ افزائی کی تھی جس پر انہیں فیس بک اور ٹوئٹر سمیت کئی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بلاک کردیا گیا ہے۔
یاد رہے واٹس ایپ کے متعدد صارفین نے متبادل جیسے سگنل اور ٹیلیگرام کا رخ کرلیا جبکہ فیس بک کی زیرملکیت ایپ کو لوگوں کو اس بات پر قائل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے کہ ان کی پرائیویٹ چیٹ بدستور محفوظ ہے۔تاہم واٹس ایپ صارفین کو جلد اس سال کی پہلی اچھی خبر ملنے والی ہے۔
اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والی سائٹ WABetaInfo نے بتایا کہ واٹس ایپ بیٹا میں ویب ورژن میں کال کا فیچر مزید صارفین کو دستیاب ہے۔رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کی جانب سے اس فیچر کی تیاری پر کام جاری ہے اور اسی وجہ سے یہ تمام صارفین کو ویب اور ڈیسک ٹاپ ورژن میں دستیاب نہیں۔تاہم اس نئی پیشرفت سے عندیہ ملتا ہے کہ یہ فیچر بہت جلد تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔