(ویب ڈیسک )عالمی اور مقامی مارکیٹ میں آج سونے کی قیمت میں استحکام رہا۔
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی مارکیٹ کے زیراثر ملک میں 24 کیرٹ فی تولہ سونا بغیر کسی تبدیلی کے 4 لاکھ 83 ہزار 36 روپے رہا جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت بھی 4 لاکھ 14 ہزار 125 روپے پر برقرار رہی۔
ملک میں فی تولہ چاندی کی قیمت 180 روپے بڑھ کر 7509 روپے ہوگئی۔ انٹرنیشنل مارکیٹ میں فی اونس سونا 4605 ڈالر پر مستحکم رہا۔
اس سے قبل عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت معمولی کمی کا شکار ہوئی تھی ، جبکہ سرمایہ کار امریکی فیڈرل ریزرو کے چیئرمین کیون وارش کی جیکسن ہول سمپوزیم میں ہونے والی اہم تقریر کے منتظر ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سپاٹ گولڈ کی قیمت 0.5 فیصد کمی کے بعد 4,576.30 ڈالر فی اونس پر آگئی۔ امریکی گولڈ فیوچرز بھی 0.8 فیصد کمی کے ساتھ 4,629 ڈالر فی اونس پر آگئے۔
سونے کی قیمت رواں ہفتے کے آغاز میں تین ماہ سے زائد عرصے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی، تاہم امریکی مالیاتی پالیسی اور شرحِ سود کے حوالے سے سرمایہ کاروں کی غیر یقینی صورتحال کے باعث اب مارکیٹ میں محتاط رویہ دیکھا جارہا ہے۔
ماہرین کے مطابق فیڈ چیئرمین کیون وارش کی جانب سے اگر سخت مالیاتی پالیسی کا اشارہ دیا گیا تو سونے کی قیمت پر مزید دباؤ آسکتا ہے۔ اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ بلند شرحِ سود کے ماحول میں سونا سرمایہ کاروں کیلئے نسبتاً کم پرکشش ہوجاتا ہے کیونکہ اس پر کوئی باقاعدہ منافع یا ییلڈ حاصل نہیں ہوتی۔