ویب ڈیسک: پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ حنا رضوی کو طبیعت ناساز ہونے کے باعث انتہائی نگہداشت وارڈ ( آئی سی یو) منتقل کر دیا گیا ہے، جس کے بعد مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
اداکارہ نے خود اسپتال کے آئی سی یو سے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے اپنے چاہنے والوں سے جلد صحت یابی کے لیے دعاؤں کی اپیل کی۔ ویڈیو منظرِ عام پر آتے ہی سوشل میڈیا پر ان کی صحت سے متعلق فکرمندی بڑھ گئی اور مداحوں کی جانب سے نیک تمناؤں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
حنا رضوی کا تعلق ایک معروف فنکار گھرانے سے ہے۔ ان کی بہن سنگیتا ماضی کی صفِ اول کی اداکارہ اور ہدایتکار رہ چکی ہیں، جبکہ دوسری بہن کوئیتا بھی فلمی دنیا کا بڑا نام رہی ہیں۔ حنا رضوی نے اپنی محنت اور صلاحیت کے بل بوتے پر ڈرامہ انڈسٹری میں ایک منفرد مقام حاصل کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں انہیں اسپتال کے بستر پر آکسیجن ماسک اور ڈرپ کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے، جو ان کی نازک طبیعت کی عکاسی کرتا ہے۔
مداحوں، ساتھی فنکاروں اور سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہے اور نیک خواہشات کا اظہار کر رہی ہے۔