ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاکستانی میڈیا نے موجودہ صورتحال میں پیشہ ورانہ مہارت اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا؛ عطا تارڑ

پاکستانی میڈیا نے موجودہ صورتحال میں پیشہ ورانہ مہارت اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا؛ عطا تارڑ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42 : وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے پاکستانی ٹی وی چینلز، صحافیوں و اینکر پرسنز کے یوٹیوب چینلز کو بھارت میں بند کرنے کے اقدام پر ملکی میڈیا اداروں اور صحافیوں و اینکر پرسنز سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، انہوں نے قومی بیانیہ کے موثر دفاع پر پاکستانی میڈیا اور صحافیوں کو خراج تحسین پیش کیا ۔ 

 عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ بھارت نے اپنی شرمندگی اور خفت مٹانے کے لئے پاکستانی چینلز پر پابندی عائد کی، بھارت کا بیانیہ عالمی سطح پر ناکام ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی میڈیا نے موجودہ صورتحال میں پیشہ ورانہ مہارت، ذمہ داری اور حب الوطنی کا مظاہرہ کیا، پاکستانی میڈیا نے بھارتی پروپیگنڈے پر مدلل انداز میں پاکستان کا موقف دنیا کے سامنے رکھا جس پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ 

وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت قومی وقار کو بلند کرنے والے میڈیا اداروں اور صحافیوں کی مکمل حمایت جاری رکھے گی، حکومت پاکستان ہر اس آواز کی حوصلہ افزائی کرتی ہے جو ملک کے وقار، سالمیت اور قومی بیانیہ کے فروغ میں معاون ہو۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کا پاکستانی ٹی وی چینلز اور یوٹیوب پلیٹ فارمز پر قدغن لگانا صحافت کے عالمی اصولوں کی صریحاً خلاف ورزی ہے، ایسے اقدامات سے حقائق کو دبایا نہیں جا سکتا اور نہ ہی پاکستان کا موقف دنیا سے چھپایا جا سکتا ہے۔ 

عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ حکومت متعلقہ بین الاقوامی فورمز پر بھی بھارتی قدغنوں کے خلاف آواز بلند کرے گی، پاکستانی میڈیا نے موجودہ صورتحال میں قومی مفادات کو ترجیح دی اور انتہائی متوازن اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ کی مثال قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی میڈیا نے حالات کی نزاکت کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں، پاکستانی صحافیوں اور اینکر پرسنز کی خدمات کو سنہری الفاظ میں لکھا جائے گا ۔