سٹی 42 : پشاور میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے وکیل میاں جمال شاہ کو قتل کردیا، جس کے بعد خیبر پختونخوا بار کونسل نے واقعے کے خلاف کل پورے صوبہ میں ہڑتال کا اعلان کر دیا۔
پشاور کے علاقے رحمان آباد میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے وکیل میاں جمال شاہ کو قتل کردیا ۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ تھانہ انقلاب کی حدود رحمان آباد میں پیش آیا جہاں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے وکیل میاں جمال شاہ کو موت کے گھاٹ اتاردیا۔
مقتول کے بیٹے نے پولیس کو بتایا کہ والد کے ہمراہ گاڑی میں شادی ہال سے واپس آرہے تھے کہ نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی ۔
پولیس نے مقتول کے بیٹے میاں ثاقب شاہ کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ۔
خیبرپختونخوا بار کونسل نے وکیل میاں جمال شاہ کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس واقعے کے خلاف کل پورے صوبہ میں ہڑتال کا اعلان کر دیا۔
خیبرپختونخوا بار ایسوسی ایشن کے جاری علامیے کے مطابق کل پورے صوبے میں کوئی بھی وکیل عدالت میں پیش نہیں ہوگا، قتل کا واقعہ افسوسناک ہے، ملوث عناصر کو جلد گرفتار کیا جائے۔
خیبرپختونخوا بار کونسل کی وکیل میاں جمال شاہ کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے بار ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں پشاور ہائیکورٹ کے گیٹ کے سامنے فائرنگ کی بھی شدید مذمت کی گئی ہے۔
کے پی بار کی جانب سے بتایا گیا کہ خیبر پختونخوا بالخصوص پشاور میں امن وامان کی صورتحال دن بدن خراب ہو رہی ہے، پولیس امن و امان صورتحال کو بحال کرنے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے۔