سٹی 42 : سینیٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ ہم ایک نیوکلیئر پاور ہیں، خود مختار قوم ہیں، ہمارے ہمت پہاڑوں جتنی مضبوط ہے۔
سینیٹر علی ظفر نے اپنے بیان میں کہا کہ مودی اور اسکی انتہا پسند حکومت نے ٹریٹی ختم کرنے کا جو اعلان کیا یہ غیر قانونی ہے، بھارتی حکومت چاہتی ہے کہ ہمارا پانی بند کر دے اور ہمیں بھوکا، پیاسا مار دے، اس سے بڑی دہشت گردی کیا ہو سکتی ہے، یہ معائدہ کی معطلی کا اعلان نہیں یہ ہمارے مسقبل پر اعلان جنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی نے کہا تھا کہ ہندوستان اگر پاکستان پر کوئی حملہ کرے گا تو ہم جوابی حملہ کا سوچیں گے نہیں بلکہ کر کے دکھائیں گے، بانی نے جوابی حملہ کر کے دکھایا اور انڈین حکومت کو بتایا کہ اگر آپ حد پار کر کے آگے آئیں گے تو ہم بھی حد پار کریں گے۔
سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ ہم ایک نیوکلیئر پاور ہیں، خود مختار قوم ہیں، ہمارے ہمت پہاڑوں جتنی مضبوط ہے، ہم وہاں سے شروع ہوتے ہیں جہاں خوف ختم ہوتا ہے، مودی ہمیں ڈرائے نہیں بلکہ ہم سے ڈرے، پاکستان کی سالمیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے، ہم سب پاکستانی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہاں ملک کی خاطر نہ کوئی پٹھان ہے نہ سندھی، ہم سب پاکستانی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مودی ٹریٹی کی خلاف ورزی کر کے ایک پانی کا ایک قطرہ بھی موڑتا ہے تو ہم اسکو حملہ سمجھیں گے، مودی سرکار یہ پراپیگنڈا بند کریں، ورنہ نتائج کے لیے تیار ہو جائے۔